پیران پیر حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی (رح) کا سالانہ عرس مبارک عقیدت واحترام کیساتھ منایا گیا

0
125

سرینگر؍27،نومبر ؍کے این ایس ؍ شدید ٹھنڈ اور عالمگیر وبا کورونا وائرس کی تازہ لہر کے بیچ وادی کشمیر میں جمعہ کو پیران پیر حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی (رح) کا سالانہ عرس مبارک عقیدت واحترام کیساتھ منایا گیا۔اس سلسلے کی سب سے بڑی تقریب آستانہ عالیہ زیارت پیر دستگیر صاحب خانیار شریف سرینگر میں منعقد ہوئی جہاں پر ہزاروں زائرین تبرکات کی نشاندہی سے فیضیاب ہوئے ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق وادی بھر میں جمعہ کو پیران پیر حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی (رح)کا سالانہ عرس مبارک نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا اور اس سلسلے میں سب بڑی تقریب اُنکے آستانہ عالیہ زیارت پیر دستگیر صاحب خانیار شریف سرینگر میں منعقد ہوئی جہاں پر ہزاروں زائرین و محبان اولیاء نے شب خوانی میں شرکت کی۔رات بھر شب خوانی ، درود و ازکار، ختمات المعظمات، نعت و مناقب کی روح پرور مجالس آراستہ ہوئی۔ادھر وادی بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔عرس مبارک سید الاولیاء پیر پیران حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی (رح) آج یعنی جمعہ کو منایا گیا۔زائرین کی ایک بڑی تعداد نماز فجر کے بعد تبرکات کی نشاندہی سے فیضیاب ہوئے ۔یہ سلسلہ دیگر نمازوں کے موقعے پر بھی جاری رہا ۔سٹی رپورٹر کے مطابق نمازجمعہ کے موقعے پر لوگوں کی ایک خاصی تعداد نے عرس پاک کے سلسلے میں پائین شہر میں واقع قدیم اور تاریخی خانقاہ حضرت پیر دستگیر صاحبؒخانیار حاضری دی اور نماز ادا کرنے کے بعد تبرکات کی نشاندہی سے فیضیاب ہوئے ۔ اسلامی کلینڈر کے مطابق عرس پاک کے سلسلے میں11روزہ ایام متبرکہ یکم ربیع الثانی سے شروع ہوئی تھی جس دوران ہر روز عصر سے مغرب تک پیر دستگیر صاحب سرائے بالا میں خصوصی مجالس کا انعقاد ہواجبکہ کوویڈ19کے پیش نظرامسال آستان عالیہ خانیار میںخصوصی تقریبات صبح 9بجے سے دن کے ساڑھے11بجے تک منعقد ہوتی رہیںاور اسی طرح جناب صاحب صورہ میں بھی مجالس کا انعقاد ہوا۔ سرائے بالااور جناب صاحب صورہ میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اورنماز فجر سے ہی روح پرور مجالس منعقد ہونگی اور نماز جمعہ کے بعد تبرکات کی نشاندہی کی گئی۔ان اجتماعات میں وادی کے اطراف و اکناف سے آنے والے زائرین نے شرکت کی۔عرس کے سلسلے میں پائین شہر کے عالی کدل میں واقع درگاہ غوثیہ رہبابہ صاحب ، زیارت دستگیر صاحب نادی ہل بانڈی پورہ اور دوسری خانقاہوں میں بھی تقریبات منعقد ہوئیں۔تقریبات کا اہتمام کووڈ ۔19ایس او پیز کے تحت کیا گیا ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here